ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رواں سال ساتویں جماعت کیلئے پبلک امتحان نہیں: ریاستی وزیرسریش کمار

رواں سال ساتویں جماعت کیلئے پبلک امتحان نہیں: ریاستی وزیرسریش کمار

Wed, 08 Jan 2020 11:03:09    S.O. News Service

بنگلورو،8/جنوری(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیم سریش کمار نے اپنے سابقہ موقف سے انحراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکو مت نے ساتویں جماعت کے لئے پبلک امتحان کروانے کا ارادہ ترک کردیا ہے۔شہر کے شکشک سدن میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ پبلک امتحان کی بجائے عام طریقے کی جانچ کا امتحان لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام جانچ کے امتحان میں پرچہ سوالات ریاستی سطح پر ہی ترتیب دیا جائے گا -لیکن جوابی پرچوں کی جانچ ریاستی سطح پر نہیں بلکہ ضلع سطح پر اساتذہ کی طرف سے حکومت کی نگرانی میں کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان متعلقہ اسکول کے اساتذہ کی نگرانی میں ہو گا اور جوابی پرچوں کی جانچ کا کام متعلقہ اسکولوں کے اساتذہ کی بجائے ضلع کے دیگر اسکولوں کے اساتذہ کی طرف سے کرائی جائے گی۔ انہو ں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے اس طرح کا امتحان اس لئے کروایا جا رہا ہے کہ طلباء کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔ سریش کمار نے کہا کہ عوام کو اس بات سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں کہ ساتویں جماعت کے لئے رواں سال پبلک امتحان کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی عام تعلیمی صلاحیت کا اندازہ لگانے کے لئے کروائے جا رہے اس امتحان میں رواں سال کسی بچے کو فیل یا پاس نہیں کیا جائے گا بلکہ اس امتحان کے نتیجے کی بنیاد پر بچوں میں تعلیمی صلاحیتوں کو اور بھی بہتر طریقے سے پروان چڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔سریش کمار نے کہا کہ بیلگاوی ڈیویژن میں اس طریقے کو تجرباتی بنیاد پر آزمایا جا چکا ہے۔ اس طرح کے امتحان سے طالب علم کی موجودہ صلاحیت کااندازہ آسانی سے لگ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کو اپنانے کے بارے میں انہوں نے میسور کے ڈی ڈی پی آئی اور تمام بلاک ایجوکیشن افسروں سے تبادلہ خیال کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ نئے نظام کو کامیاب بنانے کے لئے جدوجہد کریں۔ اس کے علاوہ رواں سال سے اس نظام کو رائج کرنے کے بارے میں انہوں نے کلبرگی اور بیلگاوی کے ڈی ڈی پی آئی سے بھی بات کی ہے۔چہارشنبہ کے روز ہڑتال کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ہڑتال سے عام زندگی پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے۔ ٹرانسپورٹ نظام حسب معمول کام کرتا رہے گا اس لئے کسی بھی تعلیمی ادارے کو چھٹی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ البہ ضلع سطح پر اگر حالات میں کسی طرح کے بگاڑ کی اطلاعات موصول ہوئیں تو مقامی سطح پر فیصلہ لینے کے لئے تمام ڈی ڈی پی آئز کو ہدایت دی جا چکی ہے۔


Share: